:
Breaking News

“بی جے پی کے پاس نشان ہے، مگر بہار کی جان نتیش کمار ہیں”

top-news
https://maannews.acnoo.com/public/frontend/img/header-adds/adds.jpg

بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 11 نومبر کو ہونے والی ہے، مگر سب سے زیادہ چرچا اس بات کا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ نتیش کمار ایک ساتھ اس بار کسی اسٹیج پر کیوں نہیں دکھے؟ اپوزیشن نے اسے بڑا سیاسی ایشو بنا کر دعویٰ کیا کہ الیکشن کے بعد بی جے پی نتیش کو وزیر اعلیٰ نہیں بنائے گی۔ لیکن اب بی جے پی کے مرکزی وزیر اور بہار انتخابات کے انچارج دھرمیندر پردھان نے خاموشی توڑتے ہوئے سب کچھ صاف کر دیا۔ دھرمیندر پردھان نے اے این آئی سے گفتگو میں کہا کہ “وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان کوئی دوری نہیں ہے۔ انتخابی اعلان سے پہلے مودی جی سات آٹھ بڑے سرکاری پروگراموں میں بہار آئے تھے، جن میں نتیش کمار ان کے ساتھ تھے۔” انہوں نے بتایا کہ 24 اکتوبر کو سمستی پور سے این ڈی اے نے اپنی باقاعدہ مہم شروع کی، جس میں مودی، نتیش، چراغ پاسوان، اوپندر کشواہا اور جے ڈی یو و بی جے پی کے تمام بڑے لیڈر موجود تھے۔ دھرمیندر پردھان کے مطابق چھٹھ کے تہوار اور بارش کی وجہ سے تشہیری پروگرام میں معمولی تبدیلی ہوئی مگر اتحاد کمزور نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا، “وزیراعظم، وزیراعلیٰ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور پارٹی کے قومی صدر سب کے الگ الگ پروگرام تھے۔ کل رات بھی گیارہ بارہ بجے تک این ڈی اے کی ریلیاں چلتی رہیں۔” اپوزیشن کے اس دعوے پر کہ کئی ووٹرز کنفیوژ ہوئے کہ “تیر” کہاں ہے اور “کمل” کہاں، پردھان نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ “2005 سے 2024 تک این ڈی اے نے تین اسمبلی اور تین لوک سبھا انتخابات مل کر لڑے ہیں، بہار کے عوام جانتے ہیں کہ ان کے ساتھ کون کھڑا ہے۔” سیاسی مبصرین کے مطابق پردھان کا یہ بیان نہ صرف اپوزیشن کے لئے جواب ہے بلکہ بی جے پی کو بھی یہ یاد دلانے والا ہے کہ بہار میں جیت کا راستہ نتیش کمار کے بغیر ممکن نہیں۔ یہ پیغام واضح ہے: مودی قومی قیادت کی علامت ہیں، مگر بہار میں زمین نتیش کے نام سے پہچانی جاتی ہے۔ دونوں مل کر ہی این ڈی اے کی طاقت ہیں۔ اندرونی سیاسی حلقوں میں یہ بات اب صاف ہو چکی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی کرسی پر کوئی بحث نہیں، اور بی جے پی کو یہ حقیقت سمجھ آگئی ہے کہ بہار کی سیاست محض ووٹوں سے نہیں، بلکہ نتیش کے وقار سے چلتی ہے۔ اپوزیشن کی دراڑ والی تھیوری ختم ہو چکی ہے۔ بہار کا اشارہ صاف ہے — بی جے پی کے پاس نشان ہے، مگر بہار کی جان نتیش کمار ہیں۔

https://maannews.acnoo.com/public/frontend/img/header-adds/adds.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *